کوئی میری فلم کے سیٹ پرخواتین سے بدسلوکی کی ہمت نہیں کرسکتا، شاہ رخ خان 91

کوئی میری فلم کے سیٹ پرخواتین سے بدسلوکی کی ہمت نہیں کرسکتا، شاہ رخ خان

کوئی میری فلم کے سیٹ پرخواتین سے بدسلوکی کی ہمت نہیں کرسکتا، شاہ رخ خان

ممبئی: 

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ان کی فلم کے سیٹ پر کوئی بھی شخص کسی خاتون سے بدسلوکی کی ہمت نہیں کرسکتا۔

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا شمار دنیا بھر کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، ان کے چاہنے والوں میں مردوں سے زیادہ خواتین شامل ہیں اور اس کی وجہ شاہ رخ خان کی خواتین کے لیے مثبت سوچ اور عزت ہے جو وہ اپنے آس پاس موجود ہر عورت کو دیتے ہیں۔

حال ہی میں شاہ رخ خان کوسماجی خدمات انجام دینے اور مظلوم و بے سہارا خواتین اور بچوں  کو سہارا دینے اور انہیں معاشی طور پرمضبوط بنانے کے لیے خدمات پر سوئٹزرلینڈ میں کرسٹل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی حوالے سے انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں خواتین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میری فلم کے سیٹ پر کسی کو ہمت نہیں کہ وہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرے۔

شاہ رخ خان نے پہلی بار ہالی ووڈ پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین کی جانب سے خواتین کو جنسی ہراسانی اور ان کے ساتھ بدسلوکی کرنےکے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں  ہندی فلم انڈسٹری میں کسی خاتون کے ساتھ یہ سب  ہوتے دیکھتا تو اس کے خلاف سب کچھ کر گزرتا۔ کام کے دوران میری ایک چیز جو سب کو معلوم ہے وہ ہے خواتین کے ساتھ میرا سلوک اور کوئی بھی میرے سیٹ پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی نہیں کرسکتا۔

شاہ رخ خان نے انتہا پسندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات ہر جگہ ہوتے ہیں اور ہمیں اس پر بات کرنی چاہئے، ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہیں اور جب آپ بڑی جمہوریت ہوتے ہیں تو اختلافات اس چیز کا حصہ ہوتے ہیں۔ تاہم بطور فلم ساز اور  شہری آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ دراصل اختلافات کہاں ہیں اور انہیں دور کرنے کے لیے آپ سے جو ہوسکتا ہے وہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply