27

فٹنس پر مصباح کو بونس، آفریدی سمیت گیارہ کھلاڑیوں پر جرمانہ

تصویر کے کاپی رائٹ
Getty

Image caption

سری لنکا کے دورے کے بعد کھلاڑیوں کے دوبارہ فٹنس ٹیسٹ لیےگئے جن کے مطابق شاہد آفریدی، عمراکمل، عبدالرحمٰن اور رضا حسن کی فٹنس مطلوبہ معیار سے نیچے پائی گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس کا مطلوبہ معیار برقرار نہ رکھنے پر پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کپتان شاہد آفریدی، عمراکمل، عبدالرحمٰن اور رضا حسن پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے معیار پر پورا اترنے پر ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق سمیت پانچ کرکٹروں کو بونس دیے جا رہے ہیں۔

سری لنکا کے دورے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دیے گئے سینٹرل کنٹریکٹ میں فٹنس کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہوئے انعام اور جرمانے کا طریقۂ کار وضع کیا تھا۔

کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے مئی اور جون کے دوران منعقدہ کنڈیشننگ کیمپ میں فٹنس کا معیار مقرر کیا تھا۔

سری لنکا کے دورے کے بعد کھلاڑیوں کے دوبارہ فٹنس ٹیسٹ لیےگئے جن کے مطابق شاہد آفریدی، عمراکمل، عبدالرحمٰن اور رضا حسن کی فٹنس مطلوبہ معیار سے نیچے پائی گئی جس پر انھیں اپنی ماہانہ تنخواہ کا 25 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کپتان مصباح الحق، احمد شہزاد، شان مسعود، بلاول بھٹی اور عمر امین نے چار ماہ کے دوران فٹنس کا معیار برقرار رکھا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق مصباح الحق، بلاول بھٹی اور احمد شہزاد کو دس فیصد بونس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عمر امین اور شان مسعود کو 17.5 فیصد بونس دیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق 12 کرکٹروں نے فٹنس کا مقرر کردہ معیار برقرار رکھا ہے جبکہ 11 کرکٹر اس میں ناکام رہے ہیں۔

دو کھلاڑی وہاب ریاض اور ناصرجمشید نے فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے۔ یہ دونوں کھلاری اس وقت لاہور لائنز کے ساتھ بھارت میں چیمپینز لیگ ٹی 20 کھیل رہے ہیں۔



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply