21

شین واٹسن زخمی، پاکستان سیریز سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ
BBC World Service

Image caption

واٹسن پہلے بھی کئی مرتبہ زخمی ہو چکے ہیں

پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز میں آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راونڈر شین واٹسن زخمی ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکیں گے۔

گزشتہ ماہ ایک تربیتی مشق کے دوران ٹخنے میں درد ہو جانے کی وجہ سے وہ زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ شین واٹسن ٹخنے کے درد سے صحت یاب ہو رہے تھے کہ اچانک ان کی پنڈلی میں سوجن شروع ہو گئی۔

انھوں نے مزید کہا کہ شین واٹسن کو ماضی میں پنڈلی میں تکلیف ہو چکی ہے اسی وجہ سے انھیں کم از کم سات سے دس تک بالکل بھاگنے اور بالنگ کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔

اس تکلیف کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف سیریز میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ اور ایک روزہ میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہو سکیں گے اور ٹسیٹ میچوں کے لیے بھی ان کی تربیت متاثر ہو گی۔

واٹسن کے زخمی ہونے کے بعد میچل مارش کو پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔

کین رچرڈسن کو واٹسن کی جگہ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ٹیموں میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ کہ سوئنگ بالنگ کرنے والے بن ہل فینہاس کا نام ٹیسٹ ٹیم میں رکھ لیا گیا ہے۔

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر راڈ مارش نے کہا کہ سلیکٹروں نے بن کی صورت میں ٹیم میں ایک اور تیز رفتار بولر کو شامل کر لیا ہے تاکہ آل راونڈر کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

مارش نے مزید کہا کہ شین واٹسن نے ٹیم میں شامل ہونے کی پوری کوشش کی ہے اور سلیکٹر اس بات سے پوری طرح مطمئن ہیں کہ وہ ٹیم میں شامل ہونے کے لیے اپنا پورا زور لگا رہے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر شین واٹسن پر فیصلہ چھوڑ دیا جاتا تو وہ دبئی جانے والی پرواز پر سوار ہو جاتے لیکن سلیکٹروں نے مثبت سوچ اپناتے ہوئے یہ یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ شین واٹسن کو آئندہ مہینوں میں آسٹریلیا میں ہونے والے میچوں کے لیے تیاری کا موقع دیا جائے۔

واٹسن کو آسٹریلیا میں محدود اووروں کے میچوں کی سیریز جو نومبر میں جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلی جائے گی اس کے لیے تیار کرنا ہے۔

واٹسن نے کہا کہ وہ اس طرح کی صورت حال کا پہلے بھی سامنا کر چکے ہیں اور پوری طرح جانتے ہیں کہ انھیں دوبار فٹ ہونے کے لیے کیا کرنا ہے۔

واٹسن اپنے کرکٹ کے کیریئر میں متعدد مرتبہ زخمی ہو چکے ہیں۔ انھوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں مسلسل دس ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply