21

’انٹرنیشنل کرکٹ میں جلد واپس آؤں گا‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Getty

Image caption

سعید اجمل ٹیسٹ کرکٹ میں 178 ون ڈے میچوں میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں 85 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں

پاکستانی آف سپنر سعید اجمل پرعزم ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جلد واپس آ جائیں گے۔

آئی سی سی نے انھیں مشکوک بولنگ ایکشن کی پاداش میں معطل کر دیا ہے۔

سعید اجمل نے فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بولنگ ایکشن پر جو اعتراض سامنے آیا ہے وہ ان کے لیے مسئلہ نہیں ہے۔ وہ اس فیصلے کےخلاف اپیل کریں گے اور انھیں یقین ہے کہ وہ عالمی کپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

غیرقانونی بولنگ ایکشن

سعید اجمل نے کہا کہ ان کا بازو نارمل سے زیادہ مڑا ہوا ہے اسی لیے بولنگ کرتے ہوئے وہ 15 ڈگری سے زیادہ معلوم ہوتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی سے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ معطلی کے فیصلے پر اپیل کی جائے گی اور اس کے لیے آئی سی سی کا مروجہ طریقہ کار اختیار کیا جائے گا جس کے لیے دو ہفتے دیے جاتے ہیں۔

شہریارخان نے تسلیم کیا کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر جو اعتراض سامنے آیا ہے وہ 15 ڈگری سے بہت زیادہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ عام خیال یہی تھا کہ ان کی مخصوص گیند ’دوسرا‘ پر اعتراض کیا جائے گا لیکن اس بار ان کے پورے ایکشن پر اعتراض ہوا ہے۔

شہریار خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 35 کے لگ بھگ بولر ایسے ہیں جن کے بولنگ ایکشن مشکوک ہیں۔

سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر آئی سی سی کے تازہ ترین فیصلے سے متعلق بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ گیند اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ہے کہ وہ کتنی جلدی سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو کلیئر کرانے کی کوشش کرتا ہے۔

لیکن چونکہ سعید اجمل کے پورے ایکشن پر ہی اعتراض ہوا ہے لہٰذا اس کی درستگی میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

عام حالات میں بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں ہوتا اور پاکستان کرکٹ بورڈ 14 روز میں ریویو کے لیے آئی سی سی سے اپیل کر سکتا تھا جس پر آئی سی سی بولنگ ریویو گروپ تشکیل دیتا لیکن چونکہ معاملہ 15 ڈگری سے بہت زیادہ ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ سوچ سمجھ کر قدم اٹھائے گا۔

مروجہ طریقہ کار کے تحت سعید اجمل اپنا بولنگ ایکشن درست کرنے کے لیے ایک بار پھر آئی سی سی کی منظور شدہ بائیومکنیک لیبارٹری سے رجوع کریں گے جو اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیجے گی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ میں معطلی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply